جمعیۃ علماء کے ریاستی صدر نے میڈیا سے اس طرز عمل کی اصلاح کرنے کی درخواست کی
کانپور۔شہر کے مشہور تاجر جناب محمد ارشد کرنیل گنج کے سانحہ ارتحال پر جمعیۃ علماء کے ریاستی صدر اور کانپور کے شہر قاضی مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور جمعیۃ علماء کے ریاستی و شہری ذمہ داروں سے مرحوم کیلئے ایصال ثواب و دعائے مغفرت کی درخواست کی۔
مولانا اسامہ نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کو متوجہ کرتے ہوئے اس بات پر سخت افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے انتقال کی خبر کو تبلیغی جماعت سے جوڑ کر نشر کیا جارہا ہے، مولانا نے واضح کیا کہ مرحوم کے بڑے بھائی کرنیل گنج میں جس مسجد کے متولی ہیں، ان کا گھر اس مسجد سے تقریباً آدھہ کلو میٹر سے زیادہ دور ہے اور اکثر دوسری مسجد میں نماز پڑھتے ہیں، وہ مسجد کے ذمہ دار ہیں جبکہ جماعت کے ذمہ دار دوسرے لوگ ہیں، وہ نہیں ہیں۔ اور ان کے چھوٹے بھائی مرحوم حاجی محمد ارشد نہ مسجد کے ذمہ دار ہیں نہ تبلیغی جماعت کے اور نہ ہی تبلیغی جماعت کے رابطہ میں رہے،لیکن الیکٹرانک میڈیا نے ان کو تبلیغی جماعت سے جوڑ کر خبر چلائی جبکہ یہ غلط ہے۔ وہ نہ تو دہلی واقع مرکز گئے نہ توکانپور کے کسی مرکز میں ان کا آنا جانا تھا۔ مولانا نے ہر مریض و متوفی کو تبلیغی جماعت سے جوڑے جانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے اپنے اس طرز عمل کی اصلاح کرنے کی درخواست کی۔