شہروں میں رہنے والے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرانے کے لئے شہروں کی ہمہ جہت ترقی ضروری: وزیر اعلیٰ

 لکھنؤ:15 نومبر٢٠١٩ئ


اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ شہروں میں رہنے والے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرانے کے لئے شہروں کی ہمہ جہت ترقی ضروری ہے۔انہوںنے شہری نقل و حمل کے وسائل کی بہتری پر زور دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی ملک کی شہری آبادی کو بہتر نقل و حمل کی سہولت اور آلودگی سے مبرا ماحول فراہم کرانے کے لئے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ آج یہاں اندرا گاندھی پرتشٹھان میں' 12ویں اربن موبلٹی انڈیا(یوایم آئی)کانفرنس و ایکسپو 'کے افتتاحی سیشن کو خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ شہری زندگی کو بہتر بنانے کی سمت میں یہ کانفرنس اہم ثابت ہوگی۔اتر پردیش کے لئے اس طرح کے انعقاد مزید اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ ریاست کے شہروں میں ریاست کی 23فیصد آبادی رہتی ہے۔انہیں بہتر سہولیات دلانا موجودہ ریاستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں 17میونسپل کارپوریشن ہیں جن میں10 میونسپل کارپوریشن مرکزی حکومت کی جانب سے اسمارٹ سٹی کے طور پر منتخب ہیں۔باقی 07میونسپل کارپوریشن کو ریاستی حکومت اپنے وسائل سے بہتر بنانے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت میٹرو کو فروغ دینے کا کام کر رہی ہے۔آج میٹرو ریل شہری زندگی کی لائف لائن بن گئی ہے۔لکھنؤ میٹرو ریل پروجیکٹ کے شمال اور جنوب کاریڈور کو ریکارڈمدت میں مکمل کیا گیا۔آج ہی کانپور میٹرو ریل پروجیکٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا جا رہا ہے۔ریاست کے 06دیگر شہروں میں بھی میٹرو ریل پروجیکٹ یا میٹرو لائٹ کی شروعات کی جائے گی۔ان میں آگرہ، میرٹھ، پریاگ راج، وارانسی، گورکھپور اور جھانسی شہر شامل ہیں۔ان سبھی کی ڈی پی آر تیار کی جا رہی ہے۔جلد ہی یہاں پر میٹروکا کام دکھائی دینے لگے گا۔
وزیر اعلی نے کہا کہ آج ماحول آلودہ ہو گیا ہے۔گزشتہ دنوں پورے ملک میں اسماگ کے خطرے دکھائی دے رہے تھے۔نوجوان نسل کو بہتر مستقبل دینے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں آلودگی سے پاک ماحول فراہم کیا جائے۔انہوں نے سائنسدانوں سے اپیل کی ہے کہ نقل و حمل کے لئے ایسی ٹیکنالوجی تیار کریں، جو آلودگی سے مبرا اورسب کو فراہم ہو۔ریاستی حکومت کی جانب سے'اتر پردیش الیکٹرک وہیکلس مینوفیکچرنگ اینڈ موبلٹی پالسی2019'تیار کی گئی ہے، جس سے عام لوگوں کو بہتر نقل و حمل کی سہولیات مل سکیں۔ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے سب سے زیادہ صارفین اترپردیش میں ہیں۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ لوگوں کو الیکٹرک وہیکلس کے فوائد کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔
مرکزی وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ اور شہری امور(آزاد چارج)جناب ہردیپ سنگھ پوری نے پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات دینے میں اترپردیش نے کافی بہتر کام کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی ہمہ جہت ترقی کے ہدف کو پورا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ لوگوں کو بہتر، آلودگی سے پاک ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کی جائے، جس سے ہم صحت مند ماحول تعمیر کر سکیں۔ نقل و حمل خدمات ترقی کے ضروری عناصر میں سے ایک ہے۔آج الیکٹرک وہیکلس وقت کا مطالبہ ہے۔
واضح رہے کہ تین روزہ '12ویں اربن موبلٹی انڈیا کانفرنس و ایکسپو '15سے 17نومبر، 2019تک منعقد کی جائے گی، جس کا موضوع'صاف اور رہنے کے قابل شہر'ہے۔
اس موقع پروزیرریاست برائے رہائش و شہری منصوبہ بندی جناب گریش چندر یادو، چیف سکریٹری جناب آر کے تیواری، مرکزی سکریٹری برائے ہاؤسنگ و شہری امور جناب درگا شنکر مشرا، پرنسپل سکریٹری شہری ترقیات جناب منوج کمار سنگھ، عالمی بینک کے سابق سینئر ڈائریکٹر، نقل و حمل اور آئی سی ٹی جناب جوذ لوئیس اریگوین سمیت دیگر سینئر افسر ان اورکثیر تعداد میں معزز شہری موجود تھے۔